نئی دہلی، 18 ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) ہندوستانی خاتون ویٹ لفٹرمیر ابائی چانو کے کوچ وجے شرما اور تجربہ کار کرکٹ کوچ تارک سنہا کا نام درونہ چاریہ ایوارڈ کے لئے بھیجا گیا ہے۔ ان دونوں کے علاوہ پانچ مزید لوگوں کے نام بھی اس ایوارڈ کے لئے سلیکشن کمیٹی کو بھیجے گئے ہیں۔ ان میں کلارینس لوبو (ہاکی)، جیون شرما (جوڈو)، سی اے کٹپا (باکسنگ)، سرینواس راؤ اور سندیپ گپتا (ٹیبل ٹینس) شامل ہیں۔اس کے علاوہ دھیان چند ایوارڈ کے لئے بھرت چھیتری (ہاکی)، سچ دیو پرساد (تیر اندازی)، داڈو چووگل (کشتی) اور بابی ایلوئسیس(ایتھلیٹکس) کے نام کی سفارش کی گئی ہے۔واضح ہو کہ دروناچاریہ اعزاز چار سالوں میں مسلسل غیر معمولی اور شاندار کام کے لئے کوچوں کو دیا جاتا ہے۔ وہیں، دھیان چندایوارڈ کھلاڑیوں کو ان کی زندگی کی حصولیابی کے لئے دیا جاتا ہے، جس کے سرگرم کیریئر اور ریٹائرمنٹ کے بعد کھیل کو دیا گیا تعاون شامل ہے۔ روایت سے ہٹتے ہوئے اس سال کھیل ایوارڈ ہر سال کی طرح 29 اگست کو عظیم ہاکی کھلاڑی میجر دھیان چند کی سالگرہ کی جگہ 25 ستمبر کو دیے جائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ ان انعامات کے لئے امیدواروں کے انتخاب کے لئے ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی، جس میں سابق قومی باکسنگ کوچ جی ایس سندھو، ہاکی کوچ اے کے بنسل اور تیر اندازی کوچ سنجیو سنگھ کے علاوہ بھارتی کھیل اتھارٹی کے خصوصی ڈائریکٹر جنرل اونکارکیڈیا اور جوائنٹ سکریٹری ( کھیل) اندر دھمیجاشامل ہیں۔ کمیٹی میں دو کھیل صحافی اور ٹارگیٹ اولمپکس پوڈیم منصوبہ کے سی ای او کمانڈر راجیش راجگوپالن کو بھی شامل کیا گیا ہے۔